(ایجنسیز)
مصری حکام نے فلسطینی شہرغزہ کی پٹی کی واحد بین الاقوامی راہداری رفح کو اتوار اور پیر کے روز دو دن تک معتمرین کی آمد ورفت کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت داخلہ کے زیرانتظام بارڈر امور کے ڈائریکٹر جنرل ماھر ابو صبحہ نے بتایا کہ غزہ سے عمرہ کی ادائی کے لیے 760 افراد پر مشتمل چھٹا گروپ مکہ مکرمہ روانگی کے لیے تیار ہے۔ مصری حکام کی جانب سے بھی معتمرین کو بیرون ملک سفر کی اجازت دینے کے لیے کل اور پرسوں دو ایام میں رفح بارڈر کو کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصری بارڈر حکام سے بات چیت جاری ہے۔ توقع ہے کہ منگل کے روز بھی گذرگاہ کھلی رکھی جائے گی اور بیرون ملک سے آنے
والے شہریوں کو غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت فراہم کی جائے گی۔ ابو صبحہ کا کہنا تھا کہ عمرہ کی ادئی سے واپسی کے بعد درجنوں فلسطینی مصر میں پھنسی ہوئے ہیں۔ انہیں وطن واپسی کے لیے سفری سہولیات فراہم کرنا قاہرہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ڈائریکٹر گذرگاہ امور نے کہا کہ مصری حکام کی طرف سے انہیں صرف معتمرین حضرات کی آمدو رفت کی اجازت کی بات کی گئی ہے۔ ان کے علاوہ عام شہریوں کے سفر کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے ہفتے تین دن کے لیے رفح بارڈر کھولنے کے نتیجے میں غزہ سے 2200 افراد عمرہ کی ادائی اور دوسرے کاموں کی غرض سے بیرون ملک سفر پر گئے ہیں جبکہ بیرون ملک سے صرف 300 افراد کی واپسی ممکن ہوئی ہے۔